عوامی مارچ ہوگا اور ڈی چوک میں ہوگا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

پنجاب اور مرکزی حکومتیں ہمارے کارکنان کو ہراساں کررہے ہیں۔ شیخ زاہدفیاض
جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کررہے بلکہ آئین کے اندر رہتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی بات کی ہے۔ عمرریاض عباسی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہاہے کہ مرکزی حکومت عوامی مارچ کاراستہ نہ روکے اگر مارچ کاراستہ روکاگیا تو عوام کاسمندر ظلم کے ایوانوں میں زلزلہ بپا کردے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزاسلام آبادکے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 100 انتظامی کمیٹیاں مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پیسے کے بل بوتے پر برادریوں کامک مکا ہوجاتا ہے، انتخابات جھرلو اور بددیانتی کی بنیاد پرہوتے ہیں اب ملک اس طرح کے جھرلو الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی بات نہیں کی بلکہ آئین کے اندر رہتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی بات کی ہے لیکن مفاد پرست اور اقتدار کے پجاری ڈاکٹر طاہرالقادری کی کردارکشی پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور مرکزی حکومتیں ہمارے کارکنان کوہراساں کررہی ہیں کوئی بھی طاقت عوامی مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی ہے عوامی مارچ ہوگا اور ڈی چوک میں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ کوئی مائی کالعل غریبوں کے مارچ کو نہیں روک سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بے بس اور بے اختیار ہے پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن اس بات کی واضح دلیل ہیں۔ ہم پارٹیاں نہیں بلکہ نظام بدلناچاہتے ہیں۔

ڈاکٹررحیق عباسی نے کہاکہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ پنجاب میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو ہراساں کیا جارہا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہے، اگرکارکنان کو ڈرایا دھمکایاگیا توعوامی مارچ کا رخ پنجاب کی جانب ہوجائے گا، اس کے بعدحالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب کی حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کومتنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مارچ کو نہ روکا جائے اگرمارچ کو روکاگیا تو اتنے بڑے ہجوم پر کسی کاکنٹرول نہیں رہے گا اور نتائج کی تمام ترذمہ داری حکمرانوں پر ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مزاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رکھا ہے۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ہماری دشمنی کسی جماعت کے ساتھ نہیں ہماری دشمنی اس فرسودہ نظام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 جنوری کو فیصلہ ہوگا کہ لوٹنے والے رہیں گے یا لٹنے والے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان آج تک کسی کو نہیں ملا۔ ہم غریب عوام کو ان کے حقوق دلوانے کی جدوجہد کررہے ہیں، اور ملک کے غرب اور تبدیلی کی خواہش رکھنے والے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ آئین میں کہاں کہاگیا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے نام پر کروڑوں روپے دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھونگ الیکشن اب نہیں ہونے دیں گے۔

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقاری بہت جلد خصوصی چارٹر عوام اور اداروں کے سامنے رکھیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top